وزیراعظم کی مولانا طارق جمیل سے مذہبی امور محدود کرنے کیلیے کردار ادا کرنے کی درخواست

وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔ فوٹو: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے باعث مذہبی امور محدود کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔

ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا وائرس سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے کورونا کے باعث مذہبی امور محدود کرنے کے لیے مولانا طارق جمیل سے کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی۔

وزیراعظم کی درخواست پر مولانا طارق جمیل مختلف علمائے کرام سے ملاقاتیں کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متلعق کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بھی علمائے کرام سے اپیل کی تھی کہ جمعے کا خطبہ اور فرض نمازیں مختصر کر دیں اور عوام سنتیں گھروں میں ادا کریں۔

مزید خبریں :