Time 16 مارچ ، 2020
پاکستان

خیبر پختونخوا میں کورونا کے پیش نظر قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کمی کا اعلان

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 15 کیس سامنے آئے ہیں،فوٹو: فائل 

خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی جانب سے  قیدیوں کی سزا میں کمی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں جس کے تحت جیلوں میں قیدیوں کی سزا 2 ماہ کم کردی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کی دستاویز کے مطابق سزاؤں میں کمی کااطلاق دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ  خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 15 کیس سامنے آئے ہیں  جب کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 136 ہوگئی ہے۔

 صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ  19 افراد ایک ہفتہ قبل تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تھے جن میں سے 15 کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت نے مرض کی روک تھام کے لیےٹاسک فورس بنانے کے علاوہ آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے۔ 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں 20 اسپتالوں کو متبادل طور پر ایمرجنسی کے لیے تیارکیا گیا ہے جن کو ضرورت پڑنے پر استعمال کیا جائے گا جب کہ مختلف مقامات پر قرنطینہ کے لیے 70 سے زیادہ عمارتوں کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے۔

پشاور کے باچاخان ائیر پورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے جب کہ صوبے میں مخلتف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی اسکریننگ کی گئی ہے۔  

مزید خبریں :