کھیل

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر

 اسلام آباد میں ہونے والا پروفیشنل باکسنگ ایونٹ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا،فوٹو:فائل 

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 5 کے بقیہ میچز تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کرائے جارہے ہیں۔

اُدھر ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈز اسپورٹس نے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے ایونٹس کا سلسلہ معطل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ، ایشین مینز اسنوکر چیمپئن شپ اور ایشین سکس ریڈ چیمئن شپ کو ملتوی کردیا گیا ہے، یہ تینوں ایونٹ 27 مارچ سے دوحا میں کھیلے جانے تھے۔

ایونٹ میں پاکستان سمیت 20 ملکوں کے کیوئسٹس نے شرکت کرنا تھی ، پاکستان ایشین ٹیم چیمپئن شپ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی اعلان کیا ہے کہ 21 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والا پروفیشنل باکسنگ ایونٹ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ایونٹ میں پاکستانی باکسر عثمان وزیر سمیت پاکستانی اور غیر ملکی پروفیشنل باکسرز کی شرکت متوقع تھی۔

 پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے تمام سرگرمیاں معطل کردیں

 پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بھی حالات بہتر ہونے تک تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

 پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھی مزید احکامات تک اپنی تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں اور  ملک میں جاری بی ڈویژن فٹبال لیگ کو بھی روک دیا گیا ہے۔

فیڈریشن کی جانب سے لیگ کے بقیہ میچز کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

 ٹوکیو اولمپکس 2020 کا انعقاد  خطرے میں

دوسری جانب 24 جولائی سے جاپان میں ہونے والے ٹوکیو  اولمپکس 2020  کا انعقاد بھی مشکل نظر آرہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز 2020کو ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔

فوٹو: سوشل میڈیا

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیمز دیکھنے سےزیادہ اولمپکس گیمز ملتوی ہونا بہتر ہے۔

کورونا کے خدشات کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) 2020 بھی ملتوی کردی گئی ہے۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی پی ایل کا آغاز 29 مارچ سے ہونا تھا تاہم کورونا کے باعث ٹورنامنٹ کو 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے اور صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں ایونٹ کا آغاز 16 اپریل سے ہو گا۔

اس کے علاوہ یورپی فٹبال لیگ  یوئیفا چیمپیئنز لیگ اور امریکا کی  نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے)  لیگ نے بھی کورونا وائرس کے باعث تاحکم ثانی مقابلے منسوخ کردیے ہیں۔

مزید خبریں :