17 مارچ ، 2020
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس تیزی سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے جس سے ہر انسان خوفزدہ ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کررہاہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس سے بچاؤ کے لیے مصافحہ کرنے اور ایک دوسرے سے دوری اختیار کرنے کے تجویز دی گئی تھی جس کے بعد دنیا بھر میں لوگ اس وائرس سے بچنے کے لیے کہیں مصافحے کا متبادل تلاش کر رہے ہیں تو کہیں انوکھے اور عجیب و غریب اقدامات بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔
اس تمام تر صورتحال کے پیش نظر دنیا بھر میں لوگ کورونا سے بچنے کے لیے حفاظتی لباس پہن کر اپنے اپنے گھروں سے نکل رہے ہیں جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
سپر مارکیٹ میں ایک شخص حفاظتی لباس کے طور پر خلاء باز جیسا لباس پہن کر خریداری کرتا دیکھا گیا جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
برطانیہ میں ایک ہیئر ڈریسر کی تصویریں بھی وائرل ہوئیں جنہوں نے اپنے آپ کو سر سے پاؤں تک حفاظتی لباس سے ڈھانپا ہوا تھا تاکہ وہ وائرس کے پھیلاؤ سے بچ سکیں۔
برطانوی ماڈل ناؤمی کیمپبیل نے بھی کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنے والا سوٹ خرید لیا ہے اور باہر نکلنے وقت وہ احتیاط کے طور پر اسے پہن کر نکلتی ہیں۔
چین میں ایک خاتون کو اسپتال میں زرافہ کے کاسٹیوم (لباس) میں دیکھا گیا جس کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پیئر ویڈیو پر بھی جاری کی گئی تھی۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔