کورونا وائرس سے بچنے کیلیے خاتون زرافہ بن گئیں

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

کورونا وائرس اب دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے لیکن اس جان لیوا وائرس کا مرکز چین ہے جہاں ہر شخص اس خطرناک وائرس سے بچنے کے لیے تقریباً ہر قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار کررہا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک چینی خاتون چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے مقامی اسپتال آئیں اور اس دوران انہیں عجیب و غریب حالت میں دیکھا گیا۔

خاتون کو اسپتال میں ایک زرافہ کے کاسٹیوم (لباس) میں دیکھا گیا جس کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پیئر ویڈیو پر جاری کی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی خاتون نے زرافے کا کاسٹیوم پہنا ہوا ہے اور وہ اسپتال میں گھومتی ہوئے نظر آرہی ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق جب خاتون سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے سے قبل ہی میرے والد سانس سے متعلق کسی بیماری میں مبتلا ہوئے تھے اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج تھے جب کہ ان کے گھر میں ایک ماسک موجود تھا جس کی تاریخ میعاد ختم ہو چکی تھی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں کوئی بھی ماسک دکان سے نہیں مل رہا تھا جس کے بعد انہوں نے زرافے جیسا کاسٹیوم پہننے کا سوچا۔

اسپتال کے اسٹاف نے خاتون کے اس عجیب و غریب لباس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈال دی جو وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ چین میں پالتو جانوروں کے مالکان نے کورونا وائرس کے خوف سے اپنے جانوروں کو فیس ماسک پہنائے تھے تاکہ ان کے پالتو جانور بھی کورونا وائرس سے بچ سکیں۔

مزید خبریں :