دنیا
Time 16 مارچ ، 2020

کورونا وائرس کے حملے جاری، دنیا میں اموات ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز اٹلی میں ایک ہی روز میں 368 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ ایران میں بھی 98 افراد ہلاک ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں 14 نئی ہلاکتیں اور 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ امریکا میں بھی ایک شخص وائرس کے باعث ہلاک ہوا ہے۔

چین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 213 جب کہ امریکا میں 69 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی اموات 35 ہو گئی ہیں۔

امریکا میں 102 اور جنوبی کوریا میں 74 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ایران میں پاکستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہو گئی ہے۔

ایران میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 724 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں بھی 292 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ فرانس میں 127، ہالینڈ میں 20، جاپان میں 24 اور سوئٹرزلینڈ میں 14 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس دنیا کے 157 ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں اب تک 1 لاکھ 69 ہزار 610 افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں تاہم چین سمیت دنیا بھر سے 77 ہزار 776 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں جب کہ 6 ہزار کے قریب افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی معیشت بری طرح متاثر ہے جب کہ اٹلی اور اسپین سمیت کئی ممالک نے لاک ڈاؤن بھی کر دیا ہے۔

سعودی عرب نے بھی ملک کو لاک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام ممالک کے لیے پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کر دی ہیں جب کہ حکومت نے معیشت کو سنبھالنے کے لیے 50 ارب ریال کے پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز آسٹریلوی سائسندانوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کورونا کی ویکسین تیار کر لی ہے جسے پہلے مرحلے میں آزمائشی بنیادوں پر چوہوں پر آزمایا جا رہا ہے جب کہ اگلے مرحلے میں ویکسین کو انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ ویکسین کی تیاری پر 20 سے 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی اور بڑے پیمانے پر اس کی پیداوار چیلنج ہوگا۔

مزید خبریں :