17 مارچ ، 2020
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں مسلح افواج کی تمام طبی سہولیات کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیےکے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے 13 مارچ کے فیصلوں کی روشنی میں کورونا وائرس کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام بڑے ملٹری اسپتالوں میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کر دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پیتھالوجی ( اے ایف آئی پی) راولپنڈی میں مرکزی ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے جب کہ دیگر ملٹری اسپتالوں میں کورونا وائرس کی تیز ترین تشخیص اور علاج کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کورونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومت اور صوبائی انتظامیہ کی مکمل معاونت کر رہی ہیں۔
آرمی چیف نے تمام کمانڈرز کو ہدایات دی ہیں کہ پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے سول انتظامیہ کہ ہر ممکن مدد کی جائے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستانی عوام کا تحفظ اورحفاظت ہماری اہم ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید 53 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی ہے۔