Time 19 مارچ ، 2020
پاکستان

سندھ میں مالز کی بندش کا پہلا روز، ریسٹورنٹس بند کرانے پر وزیراعلیٰ پولیس پر برہم

ریسٹورنٹس کھلنے دیں، وہاں کھانا کھانے پرپابندی ہے، کھانا بنوا کر گھر لے جانے پر نہیں: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ نے زبردستی ریسٹورنٹس بند کرانے پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 

گزشتہ دنوں سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شاپنگ مالز اور چائے کے ہوٹلوں  کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ریسٹورنٹس کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن وہاں بیٹھ کر کھانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ 

سندھ میں شاپنگ مال اور چائے کے ہوٹلوں کی بندش کے پہلے روز  وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پولیس کی جانب سے زبردستی ریسٹورنٹس بند کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس کھلنے دیں، وہاں کھانا کھانے پرپابندی ہے، کھانا بنوا کر گھر لے جانے پر نہیں۔

یاد رہے کہ اس بندش کے دوران سبزی، راشن، مچھلی، گوشت اور میڈیکل اسٹور کھلے رہیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ دونوں ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 304 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 208 متاثرہ افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

پنجاب سے 33، بلوچستان میں 23، خیبرپختونخوا میں 19، گلگت میں 13، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔

مزید خبریں :