Time 19 مارچ ، 2020
کھیل

پی ایس ایل سے منسلک تمام 128 افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی قرار

فوٹو فائل—

پاکستان کرکٹ بورڈ نے  پاکستان سپر لیگ سے منسلک تمام افراد کے کووڈ-19  ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی تصدیق کردی۔  

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سے منسلک تمام تر افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت  کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ کیے گئے۔

پی سی بی نے17مارچ کو  پی ایس ایل میں شریک کُل 128 افراد کا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج منفی آئے جب کہ ملتان سلطانز کی جانب سے16 مارچ بروز پیر کو کروائے گئے کورونا وائرس کےتمام17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔

پی سی بی نے کورونا وائرس کے تمام 128 ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو  وسیم خان نے کہا کہ  تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں، وہ بغیر کسی خدشے کے ایک بار پھر اپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتودی کردیے ہیں جس کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی ایڈوائزری برائے صحت:

• چھینک، کھانسی، کھانے سے پہلے اور بعد میں اور ٹوائلٹ کے استعمال کے بعد باقاعدگی سے صابن یا الکوحل والے سینیٹائزر سے ہاتھ دھوئیں۔

• چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں۔

• ٹشو پیپر یا رومال کے استعمال کے فوری بعد اسے کوڑے دان میں پھینکیں۔

• مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے پرہیز کریں۔

• کھانسنے یا چھینکنے والے افراد سے دور رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 300 سے زائد ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :