Time 19 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا: دنیا بھر میں 9 ہزار کے قریب ہلاکتیں، یورپ میں ایک روز میں 700 اموات

امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 155 ہو گئی، ٹرمپ نے شہریوں کیلیے 100 ارب ڈالر کے پیکج پر دستخط کر دیئے، لندن کو لاک ڈاؤن کیے جانے کا امکان۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکا سمیت دنیا کے جدید ترین ممالک بھی کورونا سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہو گئے، اٹلی، اسپین، فرانس اور برطانیہ میں ایک ہی روز میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکا میں بھی ایک ہی روز میں 46 اموات کے بعد مجموعی تعداد 155 ہو گئی جب کہ 9 ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں جن میں دو امریکی اراکین کانگریس بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے ملاقات کرنے کے سبب ایک درجن سے زائد امریکی اراکین کانگریس قرنطینہ میں چلےگئے ہیں۔

امریکی شہریوں کے لیے 100 ارب ڈالر کا ہنگامی پیکج

عالمگیر وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے باعث امریکا، جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، سعودی عرب، یو اے ای اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

امریکی سینیٹ کی جانب سے شہریوں کی امداد کے لیے 100 ارب ڈالر کے منظور بل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دستخط کر دیئے ہیں۔

امریکا کینیڈا سرحد بند

امریکا کینیڈا سرحد غیر ضروری سفرکے لیے بند کر دی گئی ہے جب کہ برطانیہ میں حفاظت کے لیے 20 ہزار فوجیوں کو تیار رہنےکا حکم دے دیا گیا ہے۔

لندن میں لاک ڈاؤن

ایک ہی روز میں 33 افراد کی ہلاکت کے بعد لندن کو لاک ڈاؤن کیے جانے کا امکان ہے۔

برطانیہ میں اسکول آج سے بند ہیں جب کہ مساجد نے مسلمانوں سے اپیل کی ہےکہ نماز جمعہ گھر میں پڑھیں۔

برطانیہ میں این ایچ ایس، پولیس اور اہم ورکرز کے علاوہ سب گھروں سےکام کریں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل کورونا وائرس سپورٹ فورس قائم کرے گی، فوج کو سڑکوں، اسپتالوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 150 فوجی اسپتالوں میں آکسیجن کے ٹینکر پہنچانے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں، پولیس، جیل کے عملے اور بارڈر فورس کی مدد کے لیے بھی فوجی اہلکار تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اٹلی میں ایک ہی روز میں 475 افراد ہلاک

اٹلی میں ایک ہی روز میں 475 افراد کی ہلاکت کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2978 ہو گئی ہیں جب کہ چین میں 8 مزید افراد کی اموات کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 245 ہو گئی ہے۔

ایران میں 1135، اسپین میں 638 اور فرانس میں 264 افراد اب تک موذی بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔

چین نے کورونا کیلیے بنایا گیا آخری اسپتال بند کر دیا

دنیا میں سب سے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ملک چین نے کورونا کے خلاف سب سے زیادہ مؤثر انداز میں کام کیا اور اس پر قابو پانے کے لیے متاثرہ صوبے کو دو ماہ سے قرنطینہ کر رکھا ہے۔

چین نے کوورنا وائرس کی روک تھام کے لیے چند دنوں میں 1000 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی قائم کیا تھا اور اس کے علاوہ بھی متعدد اسپتال قائم کیے تھے لیکن اب اطلاعات ہیں کہ چین نے کورونا وائرس کے لیے قائم کیا گیا آخری خصوصی اسپتال بند کر دیا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ چھوٹی عمر کے بچوں اور بڑی عمر کے افراد کو زیادہ متاثر کرتا ہے لیکن چین میں ایک 103 سالہ خاتون نے کورونا کو شکست دیکر دنیا کو پیغام دیا کہ ہمت اور احتیاط سے کورونا کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر جرمانہ

فرانس میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 4 ہزار سے زائد افراد پر 34 یورو فی کس جرمانہ کیا گیا۔

یو اے ای کے وزٹ ویزے منسوخ

گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے تمام وزٹ ویزے منسوخ کر دیئے ہیں، متعدد سیاح وزٹ ویزوں پر دبئی پہنچے تو انہیں واپس بھیج دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 17 مارچ سے وزٹ ویزوں کے اجراء پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔

نیدرلینڈ کے وزیر صحت بے ہوش

نیدرلینڈ کے وزیر صحت پارلیمنٹ میں بے ہوش ہو کر گر پڑے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرسں سے نمٹنے کے لیے کام کا شدید دباؤ تھا، اب بہتر محسوس کر رہا ہوں، کل سے دوبارہ کام پر جاؤں گا۔

پاکستان میں ہوٹلز کو قرنطینہ میں  تبدیل کرنے کی تجویز

 پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ 2 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر ملک کے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔

عالمی بینک نے امدادی پیکج بڑھا دیا

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی بینک نے امدادی پیکج 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر 14 ارب ڈالر کر دیا ہے۔

متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار کے قریب

دنیا بھر میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 967 ہو گئی ہے جب کہ 173 ممالک میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار 345 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ 85 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :