دنیا
Time 19 مارچ ، 2020

کورونا وائرس کے باعث لندن کی تمام مساجد بند کردی گئیں

کورونا وائرس کے باعث برطانیہ میں مزید 33 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 133 جبکہ 2 ہزار  692 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے دارالحکومت لندن سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور برطانیہ کی تقریباً نصف ہلاکتیں لندن میں ہوئی ہیں جس کے باعث لندن میں لاک ڈاؤن کا خدشہ ہے اور حکام اس حوالے سے قانون سازی کے لیے سوچ بچار کررہے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث لندن کی تمام مساجد بند کردی گئی ہیں جب کہ نماز جمعہ کے اجتماعات، پانچ وقت کی نمازوں کی ادائیگی اور مدارس بھی بند کردیےگئے ہیں۔

مساجد کمیٹی کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ بھی مساجد کے بجائے جنازہ گاہ میں کرائی جائے گی، جب کہ نکاح کی تقریب میں 3 سے زائد افراد شریک نہیں ہوسکیں گے۔

کمیٹی نے کورونا وائرس کے باعث کیے گئے انتظامات پر عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب پورے برطانیہ میں کوروناوائرس کے پیش نظر تمام اسکول جمعہ سے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کردیاگیا ہے۔

کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کے لیے20ہزار فوجیوں کو اسٹینڈ بائی کردیاگیاہے جبکہ ٹرانسپورٹ فار لندن نے آج سے 40 انڈر گراؤنڈ اسٹیشنز بند کرنے اور بسوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو اس مسئلے سے مکمل طور پر نمٹنے میں 3 ماہ لگ سکتے ہیں۔

بورس جانسن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

مزید خبریں :