لاہور ایکسپو سینٹر میں 900 بستروں پر مشتمل خصوصی اسپتال بنانے کا فیصلہ

فائل فوٹو: لاہور ایکسپو سینٹر

لاہور: وزیراعلیٰ  پنجاب نے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کے تحت ایکسپو سینٹر لاہور میں 900 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت اورپی ڈی ایم اے کے لیے تقریباً 8 ارب روپے کے فنڈزکا اعلان کیا گیا اور بلوچستان حکومت سے تعاون  کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 900 بستروں پر مشمل اسپتال کے قیام کی منظوری دی جب کہ ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب ایمرجنسی فنڈ قائم، ریٹائرڈ ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف منسٹر ایمرجنسی فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے مخیر حضرات سے عطیات دینے کی اپیل کی۔

عثمان بزدار نے ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو واک ان انٹرویو کے ذریعے بھرتی کرنے کی منظوری دی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنیوالے ڈاکٹرز ہمارے ہیروہیں، ڈیلی ویجز ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھی جائے گی اور مشکل حالات میں ڈیلی ویجز ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ لاہور میں 8 ہوٹلوں میں 880 بیڈز کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر ہوٹلوں کو استعمال کیا جاسکے گا جب کہ دیگربڑے شہروں میں ہوٹلوں میں قرنطینہ سینٹر بنانے کیلئےکام شروع کردیاگیا ہے۔

مزید خبریں :