20 مارچ ، 2020
سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرنے کے بعد خبردار کیا ہے کہ وائرس اب مقامی افراد میں پھیل رہا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین ہو گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد ساڑھے 4 سو سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس ضمن میں وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ پہلے یہ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کے ذریعے پھیلا لیکن اب کورونا وائرس ہمارے معاشرے میں آچکا ہے اور مقامی لوگوں کو متاثر کر رہا ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس اب مقامی لوگوں میں پھیل رہا ہے اس لیے ہمیں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، لوگ خود سے بہت زیادہ احتیاط کریں اور گھروں میں رہیں۔
سندھ حکومت کے مطابق اس وقت صوبے میں کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 238 ہے۔
سندھ حکومت کے حکام کا بتانا ہےکہ سکھر میں اب تک مجموعی طور پر 302 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 151 کا نتیجہ مثبت اور 151 کا منفی آیا جب کہ ایک کیس کو دوبارہ ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق اس کے علاوہ 87 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور 3 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 84 مریض زیر علاج ہیں۔