20 مارچ ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک سے آنےوالے پاکستانیوں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط ختم کردی۔
پاکستان پہنچنے والے تمام مسافروں کا ٹیسٹ اور اسکریننگ ائیرپورٹ پر کی جائے گی، وزیراعظم نے یہ فیصلہ دنیا بھر میں ائیرپورٹس پر پھنسے لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے سفارش کی گئی تھی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبہ اور سیاحوں کی جانب سے وطن واپسی پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے باعث مشکلات کے پیش نظر انھیں ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کی اپیل پر نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو سفارش بھجوائی گئی تھی کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے ملک میں داخلے کے لیے کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی جائے جس کی منظوری اب وزیراعظم عمران خان نے دے دی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے صرف تین ائیرپورٹس (کراچی، لاہور، اسلام آباد) سے سفر کی اجازت ہے جہاں حفاظتی اقدامات کے تحت ہر مسافر کے لیے اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کی ٹریول ہسٹری کا فارم بھی پرُ کروایا جا رہا ہے۔