کورونا وائرس کی تاحال کوئی ویکسین اور دوا نہیں: نمائندہ ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں ڈائریکٹر ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تاحال کوئی ویکسین اورمیڈیسن نہیں ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ بہت اہم ہے اور ساتھ ہی کورونا وائرس کا معاملہ بھی بہت اہم ہے، یہ وائرس لوگوں میں تشویش پھیلا رہا ہے اور ادارے کی جانب سے مکمل ڈیٹا دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 98 ہزار 778 لوگ متاثر ہوئے جبکہ ساڑھے 8 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر پالیتھا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے 208 اسپتالوں کو رجسٹرڈ کیا گیا جبکہ پاکستان میں 13 لیبارٹریز کورونا سے متعلق کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں تاحال کورونا وائرس کی کوئی ویکسین اورمیڈیسن نہیں ہے اور مہلک وائرس کے خلاف دوسری ادویات سے مدد لی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت انفرادی طور پر کردار ادا کرنا ہوگا اور مزید ایکشن لینے پڑیں گے جبکہ اس صورتحال میں صوبوں کے ساتھ روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

کورونا وائرس کی ملک میں صورتحال

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 افراد کا تعلق خیبرپختونخوا اور ایک کا سندھ سے ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 451 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی بڑی تعداد سندھ میں ہے جہاں کل کیسز 238 ہوگئے ہیں۔

سندھ میں سب زیادہ سکھر میں ہیں جہاں تفتان سے پہنچنے والے زائرین میں سے اب تک 151 کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔

پنجاب میں 80، بلوچستان میں 81، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت میں 21، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید خبریں :