20 مارچ ، 2020
کراچی کے عباسی شہید اسپتال کے 10 ڈاکٹرز کو کورونا وائرس کا شبہ ہونے پر علیحدہ کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کو اسکریننگ کے لیے ریفر کردیا، اسکریننگ کے بعد مزید ٹیسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔
بلدیہ عظمی کراچی کے سب سے بڑے اسپتال عباسی شہید میں مشتبہ طور پر متاثرہ دس ڈاکٹروں کو فوری طور پر آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر ندیم راجپوت کی جانب سے جناح اسپتال انتظامیہ کو خط تحریر کیا گیا ہے جس میں دس ڈاکٹروں بشمول آر ایم او، پی جی اور ہائوس آفیسرز شامل ہیں، کی فوری طور پر اسکریننگ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ڈاکٹروں کی اسکرینگ کے بعد مزید ٹیسٹ کیے جانے کا امکان ہے ۔ڈاکٹروں کو گھروں میں آئسولیٹ ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق دس ڈاکٹروں متشبہ طور پر کورونا وائرس ہونے کی خبروں کے بعد دیگر ڈاکٹروں اور عملے میں خوف کی لہر بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ کراچی میں ایک 77 سالہ متاثرہ شخص انتقال کر گیا جس کے بعد ملک میں اس جان لیوا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
آج پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 18 مریض سامنے آچکے ہیں اور یہ تمام کیسز پنجاب میں سامنے آئے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے بڑھ چکی ہے جب کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 451 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی بڑی تعداد سندھ میں ہے جہاں کل کیسز 238 ہوگئے ہیں۔