20 مارچ ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے آئندہ 3 روز تک گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔
وزیراعلیٰ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئندہ تین دن تک سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہناخود آپ کیلئے اور ہم سب کے لیے ضروری ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کراچی میں اتوار سے کرفیو کے نفاذ کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کراچی میں کرفیو کی خبریں غلط ہیں، ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا مگر عوام سے صرف گھروں پر رہنے کی اپیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہفتہ، اتوار اور یوم پاکستان کی عام تعطیل پر گھروں پر رہیں اور اِن تعطیلات میں گھروں سے نکلنے سے باز رہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد عوام کی جانب سے مارکیٹس میں رش لگ گیا تھا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی تھی۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ایک مریض انتقال کرچکا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 238 ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں تعداد 467 ہے۔