20 مارچ ، 2020
ماہر امراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی نے تجویز دی ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے پیسیو امیونائزیشن (Passive Immunization)کرائی جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوئی ویکسین نہیں ہے، ویکسین لگنے سے قوت مدافعت کا نظام وائرس کے خلاف اینٹی باڈیزبناتا ہے، وائرس کے حملے کی صورت میں اینٹی باڈیز اسے بے اثر کردیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ویکسینیشن نہیں تھی تو پیسیو امیونائزیشن کی جاتی تھی لہٰذا حکومت کو تجویز ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے پیسیو امیونائزیشن کرائی جائے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی نے مزید کہا کہ وائرس سے بچنے کے لیے پیسیو امیونائزیشن کا طریقہ 100 سال سے رائج ہے، اگر حکومت ہدایت دیتی ہے تو پلازما اکھٹا کرنے اور تیاریوں میں 2 ہفتے لگیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پلازما اکھٹا ہونے لگے گا تو کورونا وائرس سے شدید متاثرہ مریضوں کو بچایا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق خیبرپختونخوا اور ایک کا سندھ ہے۔
ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 495 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 252 مریض سندھ، پنجاب سے 96، بلوچستان میں 92، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت میں 21، اسلام آباد میں 10 اور ایک آزاد کشمیر میں سامنے آیا ہے۔