کورونا وائرس: شہباز شریف کی حکومت کو شریف گروپ کے اسپتال استعمال کرنے کی پیشکش

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے حکومت کو شریف گروپ کے اسپتال قرنطینہ سینٹرز کے طورپراستعمال کرنے کی پیش کش کردی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے وڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث درپیش صورتحال میں پارٹی سطح پر دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن میں پارٹی رہنماؤں پر مشتمل ہیلتھ ٹاسک فورس اور پارلیمانی ایڈوائزری گروپ شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ہیلتھ ٹاسک فورس کورونا کی مانیٹرنگ اور عوام کی مدد کے لیے سفارشات تیار کرے گی جس میں سائرہ افضل تارڑ، سعد رفیق، سلمان رفیق، عائشہ رضا فاروق اور عطاءاللہ تارڑ شامل ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہیلتھ ٹاسک فورس سے متعلق مریم اورنگزیب میڈیا کوآرڈینیشن کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔

اعلامیے کے مطابق دوسری کمیٹی پارلیمانی ایڈوائزری گروپ، صوبائی صدور اور سینئیر رہنماؤں پر مشتمل ہے ۔

شہباز شریف کی حکومت کو پیشکش

دوسری جانب لیگی صدر شہبازشریف نے کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لیے حکومت کو شریف گروپ کے اسپتال قرنطینہ سینٹرز کے طورپر استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے۔

شہبا شریف کا کہنا تھا کہ شریف گروپ کے تمام اسپتال کورونا وائرس سے بچاؤ کی سہولیات کےلیے دستیاب ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نومبر 2019 سے بھائی نواز شریف کیے علاج کے لیے لندن میں موجود تھے تاہم ملکی صورتحال کے باعث آج صبح ہی وطن واپس پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 3 ہلاکتیں خیبرپختونخوا اور ایک سندھ میں ہوئی جبکہ مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 714 ہے۔

سندھ میں 333، پنجاب میں 163، بلوچستان میں 104، گلگت بلتستان میں 71، اسلام آباد میں 11 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مزید خبریں :