23 مارچ ، 2020
سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نےکورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو 7 لاکھ 20 ہزار ماسک دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ 'کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں سرگرم عملے کو اپنی حفاظت کے لیے ماسک کی ضرورت ہے اور ان کی مدد کرنے کے لیے کمپنی نے ایمرجنسی کے لیے خریدے گئے 7 لاکھ 20 ہزار ماسک دینےکا اعلان کیا ہے'۔
مارک زکربرگ نے مزید کہا کہ ہم مزید عطیات دینے کے لیے کام کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ سب صحت مند اور محفوظ ہوں گے۔
واضح رہے کہ خطرناک عالمی وبا کے پیشِ نظر اس سے قبل ایپل کمپنی کے سربراہ نے امریکا میں لاکھوں ماسک عطیہ کیے تھے جب کہ آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ علی بابا کے بانی نے بھی متعدد ماسکس، ٹیسٹ کٹس ، وینٹی لیٹرز اوردیگر میڈیکل سپلائیز عطیہ کی تھیں۔
خیال رہے کہ خطرناک کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتیں ساڑھے 14 ہزار تک پہنچ چکی ہیں جب کہ وائرس سے متاثرہ افرادکی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے۔