Time 23 مارچ ، 2020
پاکستان

کورونا کیخلاف جنگ: سندھ کے بعد پنجاب میں بھی 14 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان

لاہور: سندھ کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے آئندہ 14 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے 14 دن کے لیےلاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں دوہفتے کیلیے لاک ڈاون کیا جارہا ہے، منگل 24 مارچ صبح 9 تا 6اپریل صبح 9 تمام شاپنگ مالز بند رہیں گے، پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی البتہ فیملی کو استثنیٰ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے دو ہفتے کیلئے بند رہیں گے، بازار ،پبلک ٹرانسپورٹ،ریسٹورنٹ ،پارک،سیاحتی مقامات بندرہیں گے تاہم فوڈ سپلائی چین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز،کریانہ،پھل ،سبزی کی دکانیں،بیکریاں کھلی رہیں گی، دوائیں، اشیائےخورونوش تیارکرنےوالی فیکٹریاں کھلی رہیں گی، طبی آلات اورضروری سامان تیار کرنےوالی فیکٹریاں کھلی رہیں گی، واسا، واپڈا، ٹیلی کام کمپنیاں، فلاحی ادارے کھلے رہیں گے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ کرفیووالی صورتحال نہیں ہوگی اور ایسا نہیں کہ باہر بالکل نہیں نکل سکتے۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔

لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گے۔

پاکستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 803 ہوگئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

آج ملک بھر سے کورونا وائرس کے اب تک 7 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے اسلام آباد میں 4 اور پنجاب میں 3 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ بلوچستان میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :