Time 23 مارچ ، 2020
پاکستان

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سعید غنی نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ 'تاحال جو علامات اس وائرس کے بتائے جاتے ہیں ان میں سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئسولیشن میں رہ کر ادا کررہا ہوں'۔

انہوں نے  شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گھروں پر رہیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ متحرک ہیں اور ان کی ٹیم میں سعید غنی بھی بہت زیادہ فعال رہے ہیں اور تقریباً ہر اجلاس میں موجود رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 803 ہوگئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

آج ملک بھر سے کورونا وائرس کے اب تک 7 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے اسلام آباد میں 4 اور پنجاب میں 3 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ بلوچستان میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :