23 مارچ ، 2020
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر تعلیم سعید غنی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے،وہ اب اپنی رہائش گاہ سے سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سعید غنی کورونا وائرس سے بچاؤ کی جدوجہد میں اگلے محاذوں پر تھے، عوام کیلیے جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوامی نمائندوں کیلئے دعا کریں۔
بلاول نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں پر رہیں۔
خیال رہے کہ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ متحرک ہیں اور ان کی ٹیم میں سعید غنی بھی بہت زیادہ فعال رہے ہیں اور تقریباً ہر اجلاس میں موجود رہے ہیں۔
علاوہ ازیں بلاول بھٹوزرداری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلیفون کیا اور کورونا سے متعلق ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی دعوت۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خالد مقبول صدیقی اور بلاول بھٹو کے درمیان ملک اور سندھ کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی کے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا۔