24 مارچ ، 2020
لاہور: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں مسافر ٹرینیں بند کرنے کے وزارت ریلوے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ریلوے افسران نے کورونا وائرس کے حوالے سے ریلوے آپریشن کی موجودہ صورتحال پرسفارشات پیش کیں۔
اجلاس میں ملک بھر میں ریلوے آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ملک میں ٹرین آپریشن 31 مارچ تک معطل کیا گیا اور اس سلسلے میں ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا جسے چند منٹوں میں ہی واپس لے لیا گیا۔
تاہم کچھ دیر بعد وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں مسافر ٹرینوں کی بندش کے وزارت ریلوے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
ریلوے نے ٹرینوں کی بندش کا نوٹیفکیشن اپنے آفیشل پیج پر جاری کر دیا جس کے مطابق ٹرین آپریشن 31 مارچ تک ملتوی کیا گیا ہے اور آج رات 12 بجے سے کوئی نئی مسافر ٹرین نہیں چلے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے اب تک 44 ٹرینیں بند کردی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔