پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن پر عملدرآمد

صوبہ سندھ کے بعد پنجاب میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد شروع  ہوگیا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے میں 2 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جس کے بعد آج صوبے بھر میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن 6 اپریل تک جاری رہے گا اس دوران تمام سرکاری اور نجی ادارے، شاپنگ مالز ، بازار ، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریسٹورنٹس، تفریحی پارک اورسیاحتی مقامات بندرہیں گے۔

لاک ڈاؤن کے دوران ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی لیکن فیملیوں کو استثنی ٰ ہوگا۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے لاہور سمیت مختلف شہروں میں کاروباری مراکز مکمل طور پربند ہیں تاہم جنرل اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہوئے ہیں جب کہ عوام کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

شہروں میں جگہ جگہ پولیس کے ناکے قائم کیے گئے ہیں اور ضروری کام سے باہر نکلنے والے شہریوں سے شناختی کارڈ کے ساتھ معقول وجہ بھی پوچھی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 890 سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن ہے۔

مزید خبریں :