24 مارچ ، 2020
کوئٹہ: بلوچستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے بھر میں آج سے 2 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 2 ہفتوں کے لاک ڈاون کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔
حکومت بلوچستان نے حفاظتی اقدامات کے تحت کوئٹہ اور صوبے بھر میں شہریوں کی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت، مذہبی و سماجی سمیت ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس کے علاوہ تمام پبلک و نجی دفاتر بھی 2 ہفتوں کے لیے بند رہیں گے تاہم ضروری سروس کے حامل افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن 24 مارچ کی دوپہر 12 بجے سے 7 اپریل کی دوپہر 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت ہوئی جہاں کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج 66 سالہ مریض کا انتقال ہوگیا جب کہ صوبے میں اب تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 110 ہے۔
واضح رہے کہ سندھ ،پنجاب،گلگت بلتستان لاک ڈاؤن اور خیبر پختونخوا پہلے ہی شٹ ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں جب کہ آزاد کشمیر بھی آج سے 3 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہوگیا ہے ۔