25 مارچ ، 2020
پاکستان میں کورونا وائرس سے بدھ کو ایک اور ہلاکت ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1077 ہوگئی ہے۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
بدھ کو ملک میں مجموعی طور پر 87 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 43، پنجاب میں 27، بلوچستان میں 9، گلگت میں 4، سندھ میں 3 اور اسلام آباد میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1077 تک جاپہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔
ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔
دوسری جانب صوبے میں بدھ کو 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 323 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تفتان سے لائے گئے زائرین میں 176، ملتان قرنطینہ میں 4، لاہور میں 80، گجرات میں 21، جہلم میں 19، گوجرانوالہ میں 8، راولپنڈی 4، ملتان اور فیصل آباد 3، 3 جبکہ منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، رحیم یار خان، اٹک اور نارووال میں ایک ایک شخص میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ مردان کی یونین کونسل منگا میں 46 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 4 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔
خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
سندھ میں بدھ کو صرف 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 413 تک جاپہنچی ہے۔
صوبائی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق کراچی میں مزید 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 146 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔
تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں 14 افراد مہلک وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔
بلوچستان میں بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 119 ہوگئی ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 119 کیسز ہوگئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کے روز ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں مجموعی کیسز کی تعداد 16 بتائی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 4 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 84 ہوگئی ہے۔
مشیر اطلاعات شمس میر کے مطابق 4 نئے کیسز میں 3 مریضوں کا تعلق اسکردو سے ہے جبکہ گلگت میں مزید 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔۔
آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔
محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔