25 مارچ ، 2020
پاکستانی گلوکار جواد احمد نےکورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو گیت کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
چین سے دنیا کے متعدد ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے اپنا آپ بُھلا بیٹھے ہیں۔
جہاں ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے وہیں یہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی جان کا سوچے بغیر ان مریضوں کا علاج اور دیکھ بھال کرنے میں مصروف ہیں جو کورونا وائرس کا شکار ہیں۔
اسی ضمن میں پاکستانی گلوکار جواد احمد نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لاٗئن پر لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے “تم مسیحا ہو اس قوم کے، ہمیں تم سے پیار ہے” گیت گایا ہے۔
اس حوالے سے گلوکار جواد احمد کا کہنا ہے کہ 'اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے حوصلے اور جرات کو میرا اور اس قوم کا سلام'۔
گلوکار نے اپنا گیت کورونا سے لڑنے والے ان بہادر سپاہیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے گایا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 990 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 907 جب کہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔