25 مارچ ، 2020
گزشتہ برس دسمبر میں چین سے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس اب 197 تک پھیل چکا ہے اور ماہرین طب نے اس وائرس سے بچنےکے لیے سماجی دوری اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جہاں ماہرینِ طب کی جانب سے جہاں ہاتھ بار بار دھونے، منہ کو نہ چھونے اور مصافحہ نہ کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے تو وہیں اب طبی ماہرین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے چشمہ اور لینسز پہننے والے افراد کو خاص ہدایت دی ہیں۔
امریکن اکیڈمی آف اوپتھیلمولوجی کے ترجمان ڈاکٹر سونل تولی کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس وائرس سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے لینسز کا استعمال کرنے والے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ لینسز کو لگانے سے قبل ضروری ہے کہ آپ اپنے ہاتھ کو پہلے اچھی طرح دھوئیں جب کہ اچھے اور معیاری لینسز کا استعمال کریں۔
ڈاکٹر نے وضاحت کرتے ہوئے چشمہ لگانے والے افراد کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ اپنے چشمے کو بار بار صاف کریں، چشمے کو صاف کرتے وقت وہ حصہ جو ناک اور کان کے پیچھے سے لگتا ہے اسے زیادہ اچھی طرح سے صاف کریں۔
اگر آپ اپنے چشمے کو اتار کر کہیں رکھ رہیں ہیں تو اسے واپس لگانے سے قبل اسے اچھی طرح صاف کریں اور پھر لگائیں۔
دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 18 ہزار 892 ہو گئی ہے جب کہ متاثر افراد کی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔