25 مارچ ، 2020
نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک سال تک جیل بھیجا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت کی طرف سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 کے تحت سزا دی جائے گی جس میں ایک سال کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ قوانین کے تحت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کو سزا کے ساتھ جرمانہ بھی کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کسی بھی شہری کی جانب سے خلاف روزی کی صورت میں جانی نقصان یا خطرناک واقعہ رونما ہوتا ہے تو اس کی سزا میں 2 سال تک اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہ اور غلط دعوے کی صورت میں بھی مذکورہ شخص کو ایک سال جیل کے ساتھ جرمانہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ریلیف آپریشن کے لیے فنڈز کے غلط استعمال پر بھی دو سال کی سزا ہوگی جب کہ یہ ہدایات سرکاری حکام کے لیے بھی جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد حکومت نے 3 ہفتوں کے لیے ملک بھر میں جنتا کرفیو نافذ کیا ہے۔