ایس آئی یو ٹی کو کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس فراہم کردیں، مرتضیٰ وہاب

ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ ختم ہوگئی تھی جس کے بعد اسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل عارضی طور پر رک گیا تھا— فوٹو:فائل 

حکومت سندھ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کو کورونا کی مزید تشخیصی کٹس فراہم کردیں۔

ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ ختم ہوگئی تھی جس کے بعد اسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل عارضی طور پر رک گیا تھا۔

تاہم اب سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس ایس آئی یو ٹی کو فراہم کردی ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو ٹی کوکورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردی ہیں جبکہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق ٹیسٹ لیےجائیں گے اور ہر کسی کا ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا۔

قبل ازیں ایس آئی یوٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایس آئی یوٹی میں بڑی تعداد میں گردوں کے مریض زیرعلاج ہیں، جیسے ہی وفاقی یا صوبائی حکومت سے کِٹس ملیں گی کورونا کی تشخیص کا عمل شروع کردیں گے۔

خیال رہے کہ ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت دستیاب ہے۔ ترجمان ایس آئی یو ٹی کے مطابق یہ سہولت 24 گھنٹے مفت فراہم کی جارہی ہے جب کہ اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور اسکریننگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔

مزید خبریں :