25 مارچ ، 2020
کراچی میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ ختم ہوگئی جس کے بعد اسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس آئی یوٹی میں بڑی تعداد میں گردوں کے مریض زیرعلاج ہیں، جیسے ہی وفاقی یا صوبائی حکومت سے کِٹس ملیں گی کورونا کی تشخیص کا عمل شروع کردیں گے۔
خیال رہے کہ ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت دستیاب ہے۔ ترجمان ایس آئی یو ٹی کے مطابق یہ سہولت 24 گھنٹے مفت فراہم کی جارہی ہے جب کہ اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور اسکریننگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے آج ایک اور ہلاکت سامنے آئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1039 ہوگئی ہے۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض آج انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
اس سے قبل کورونا وائرس سے اب تک خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔