بلوچستان میں علمائے کرام سے نمازوں کے دوران لوگوں کی تعداد محدود رکھنے کی درخواست

بلوچستان حکومت نےکورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علمائے کرام کو جمعہ نماز اور مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے کے دوران لوگوں کی تعداد کو محدود رکھنے کی درخواست کر دی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرا رہی ہے اور صوبے میں تمام اجتماعات پر پابندی عائد ہے ۔

انہوں نے صوبے کے علمائے کرام سے درخواست کی ہے کہ وہ جمعہ نماز اور مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے کے دوران لوگوں کی تعداد کو محدود سے محدود تر کریں۔

لیاقت شاہوانی نے مزید کہا کہ کچھ مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائےکرام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مساجد میں جمعہ نماز و باجماعت نماز ادا کرنے کے دوران لوگوں کی شرکت کو محدود سے محدود تر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت سندھ نے بھی آج سے نماز جمعہ اور باجماعت نماز کے دوران 3 سے 5 افراد کو اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :