کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والوں کو پوری قوم کا خراج تحسین

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ان کی بہادری اور دوسروں کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈالنے پر پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

دوسروں کی خاطر خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو آج شام 6 بجے ملک بھرمیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور سفید پرچم لہرائے گئے۔

سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں لوگوں نے گھروں کی چھتوں ، کھڑکیوں بالکونیوں سے سفید پرچم لہرائے اور گیت گائے۔

بچوں ، بڑوں خواتین ، بزرگوں نے ڈاکٹرز، نرسوں، طبی شعبے سے وابستہ ہرفرد کی حوصلہ افزائی کے لیے تالیاں بجائیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سپاہی کا کردار ادا کرنے والوں کو سلام پیش کیا۔

شوبز ستاروں اور کھلاڑیوں کا بھی خراج تحسین

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں اور قومی کھلاڑیوں کی جانب سے خطرناک کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز  اور طبے عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مہلک وائرس کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان بھر کے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ ہر شخص بڑھ چڑھ کر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔

کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے لیے شوبز اور کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں نے کن خیالات کا اظہار کیا، آئیے جانتے ہیں!

قومی کھلاڑی احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ 'اس مشکل وقت میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز  اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے حوصلے اور جرات کو میرا اور اس قوم کو سلام، آئیے   جمعے کے روز شام 6 بجے اپنی اپنی چھتوں کے اوپر سفید جھنڈا لہرائیں اور ان تک یہ پیغام پہنچائیں کے وہ مسیحہ ہیں اس قوم کے '۔ 

وسیم اکرم نے کہا کہ 'اس مشکل وقت میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کو میری اور پوری قوم کی طرف سے سلام'۔

شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز  6 بجے اپنی چھتوں پر سفید جھنڈے لہرائیں۔ 

اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے بھی پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کی جرات کو سلام پیش کیا اور  انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سفید جھنڈے لہرانے کی درخواست بھی کی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1298تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

مزید خبریں :