27 مارچ ، 2020
لاہور: حکومت پنجاب نے مساجد میں نمازوں کی ادائیگی سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی۔
پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق تمام مساجد میں 3 سے 5 لوگ نماز جمعہ اور نماز پنجگانہ ادا کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ خطیب، امام مسجد، موذن اورکیئر ٹیکر نماز ادا کریں گے جب کہ لوگ گھروں میں نمازیں ادا کریں تاکہ وبا سے محفوظ رہ سکیں ۔
اعلامیے کے مطابق حکومت پنجاب نے طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں قدم اٹھایا۔
واضح رہےکہ سندھ حکومت نے بھی صوبے بھر میں 27 مارچ سے 4 اپریل تک باجماعت نماز اور نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ تین افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔