حکومت کا موجودہ صورتحال میں گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر موجودہ صورتحال میں گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گیس کے شعبے میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد ضروری ادارہ جاتی اصلاحات لائی جائیں گی، گیس صارفین کے مسائل کو کم سے کم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ صنعتی شعبے کو ایل این جی سمیت دیگر ذرائع سے گیس فراہم کی جائے گی، گیس کمپنیاں صارفین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے مراکز قائم کریں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس کمپنیوں کے سربراہان کو اخراجات میں کمی، گیس چوری کے خاتمے اور لائن لاسز میں کمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث معاشی سرگرمیاں بھی مانند پڑگئی ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے بڑے معاشی پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اس سے قبل حکومت نے یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 مارچ والی شرح پربرقرار رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں کمی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :