اپریل کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل نہ کرنے کا فیصلہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 مارچ والی شرح پر برقرار رکھی جائیں گی: ترجمان پیٹرولیم ڈویژن۔ فوٹو: فائل

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل نہیں ہو گا۔

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 مارچ والی شرح پربرقرار رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء عمر ایوب، علی زیدی، شیخ رشید، معاون خصوصی ندیم بابر  اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے شرکت کی۔

وزارت پیٹرولیم کے حکام کی جانب سے اجلاس میں کورونا وائرس کے پیٹرول کی طلب پر اثرات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیٹرول کی طلب میں 40 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی طلب میں 50 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔

اس دوران وزارت پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اقدامات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں کمی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی  قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :