27 مارچ ، 2020
کراچی: سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے کی سختی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کل سے شام 5 بجے سے صبح آٹھ 8 تک لاک ڈاؤن میں سختی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کل شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک تمام کاروبار بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
جانوروں اور پرندوں کی جانین بچانے کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جانوروں، پرندوں اور ان کی خوراک کی دکانیں دوپہر بارہ سے دو بجے تک کھولی جاسکتی ہیں۔
سندھ حکومت کے فیصلے کے بعد آئی جی سندھ مشتاق مہر نے پولیس کو احکامات جاری کردیے ہیں۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی جی سندھ کے مطابق لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے سختی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کل شام 5 سےصبح 8 بجے تک تمام کاروبار بند رہے گا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ جانوروں، پرندوں اور ان کی خوراک کی دکانیں دن 12 سے 2 بجے تک کھولی جاسکتی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی تھی تاہم رات 8 بجے کے بعد صرف ان میڈیکل اسٹورز کو کھولنے کی اجازت تھی جو اسپتال کے قریب واقع ہیں۔
سندھ حکومت بارہا عوام سے اپیل کرچکی ہے کہ لوگ از خود گھروں میں رہیں ورنہ کرفیو بھی نافذ کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1286 تک جاپہنچی ہے۔