27 مارچ ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید دو ہفتوں کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید 2 ہفتوں کیلئے مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معید یوسف نے بتایا کہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 4 اپریل تک بیرون ملک سے بذریعہ ہوائی جہاز مسافروں کی آمد و رفت معطل رکھنے کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے آہستہ آہستہ فضائی ٹریفک کھولی جائے گی۔
خیال رہے کہ 13 مارچ 2020 کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 14 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں اب توسیع کردی گئی ہے۔