28 مارچ ، 2020
کراچی کے دو نجی اسپتالوں کے چار ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
آغا خان اسپتال کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اسپتال کے عملے کے تین افراد جن میں ایک سرجن اور ایک ریڈیولوجسٹ بھی شامل ہیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد اسپتال نے کورونا وائرس کے مریضوں کی اسکریننگ اور مزید مریض داخل کرنے کا عمل روک دیا ہے۔
آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کے ایک اہم عہدیدار کے مطابق ان کے سرجن اور ریڈیالوجسٹ کو کورونا وائرس ایسے مریضوں سے لگا جو کہ مشتبہ مریض نہیں تھے اور انہیں عام مریضوں کی طرح ٹریٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین مختلف ڈپارٹمنٹس میں عملے کے افراد متعدی بیماری کا شکار ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عملے کے افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد انتظامیہ نے 100 سے 150 سو لوگوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا ہے جب کہ اس وقت اسپتال میں عملے کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔
آغاخان اسپتال کی انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال میں اس وقت بیرونی مریضوں کی اسکریننگ اور انہیں داخل کرنے کا عمل معطل ہے، دوسری جانب اس وقت اسپتال آنے والے ہر مریض کو کورونا کا مشتبہ مریض تصور کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹروں اور عملے کے افراد کو آپس میں بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ہر مریض کا معائنہ کرتے وقت پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ کا استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اسپتال کے کریم آباد میں واقع ذیلی اسپتال کو کورونا وائرس کے کنفرمڈ مریضوں کے علاج کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہے۔
اسپتال کی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنے والے چند دنوں میں آغا خان اسپتال کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی سہولت کے لیے ہوم ٹیسٹنگ سروس شروع کرنے جا رہا ہے جس کے بعد مشتبہ مریض فون کرکے اپنے ٹیسٹ کے لیے آغا خان لیب کے عملے کو بلوا سکیں گے جو ان کا سیمپل حاصل کر کے لیب لے جائے گا اور ٹیسٹ کا رزلٹ آن لائن جاری کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب لیاقت نیشنل انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ریڈیولوجی ڈپارٹمنٹ کے ایک ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ اپنے گھر پر آئسولیشن میں ہیں۔
لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر تبلیغی اجتماع میں گئے ہوئے تھے اور واپس آنے کے بعد انہوں نے اسپتال کو جوائن کیا لیکن پہلے ہی دن گلے میں تکلیف اور دیگر علامات کی بنیاد پر جب ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ کورونا پوزیٹو نکلے۔
لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ اسپتال کے ریڈیولوجی ڈپارٹمنٹ کے عملے کے سات افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔