خیبرپختونخوا میں 231 اسکولز قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل

کے پی میں 231 اسکولز قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل—فوٹو فائل

پشاور: خیبرپختونخوا میں 231 اسکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے 35 اضلاع میں مختلف اسکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا ہے جس میں سے لڑکوں کے 133 اور لڑکیوں کے 98 اسکول شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سب سے زیادہ چارسدہ میں لڑکوں کے اسکولوں کو قرنطینہ سینٹر قرار دیا گیا جب کہ صوابی میں 25 گرلز اسکول قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ دیر لوئر میں لڑکوں کے 31 اسکولوں کو قرنطینہ کے لیے مقرر کیا گیا جب کہ مہمند میں 15 گرلز اسکول قرنطینہ کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے  کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی بھی چھٹیوں میں مزید توسیع کی ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی صورتحال

خیبر پختونخوا سے کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جس میں سے 2 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

مزید خبریں :