28 مارچ ، 2020
وفاقی حکومت کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹ کھولنے کے احکامات کے باوجود ٹرانسپورٹرز برادری کام شروع نہ کرسکی۔
راولپنڈی میں لاک ڈاؤن سے ہرسو سناٹا طاری ہے تاہم اشیائے خور و نوش کی ترسیل کسی حد تک جاری ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے گُڈز ٹرانسپورٹرز کو پہیہ چلانے کی اجازت تو ملی گئی ہے لیکن کام بھرپوراندازمیں شروع نہیں ہوسکا ہے۔
راولپنڈی میں زرعی اجناس کی ترسیل توشروع ہوگئی ہے تاہم گڈزٹرانسپورٹرزکہتے ہیں کہ کچھ دکانیں کھلنے سے کاروبارکا دائرہ انتہائی محدود ہے اور ان کی مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لیبر ہے نہ سپلائی آرڈرز تو ایسے میں کام شروع کرنا مشکل ہے۔
دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹ کھلنے کا اعلان سن کر مارکیٹ کا رخ کرنے والے محنت کش مایوس دکھائی دیے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد لاک ڈاؤن کیا گیا جس کے باعث شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قلت دور کرنے کے لیے گُڈز ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔