29 مارچ ، 2020
ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی کہتے ہیں کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو راشن کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے، آئندہ ہفتے اس پیکج کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے بتایا کہ کورونا کے باعث بے روزگار اور مستحق افراد کی ڈیٹا انٹری کے لیے پورٹل تیار کرنے کی تجویز پر کام کیاجا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں اور مزدوروں کو ترجیح دی جائے گی اور منصوبے پر وزیراعظم کے احکامات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ 50 ارب روپے کے فنڈ میں سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو ماہانہ تین ہزار روپےکا راشن فراہم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی جس کے تحت 70 لاکھ دیہاڑی دار (ڈیلی ویجز) افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔