پاکستان

حکومت کا ملک کے 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت 70 لاکھ دیہاڑی دار (ڈیلی ویجز) افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں  وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومت کی معاشی ٹیم کااجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی جانب سے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں 70 لاکھ دیہاڑی دارافراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے جب کہ ایکسپورٹرز کے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی انڈسٹری کے لیے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے ۔

اس سے قبل  وزیراعظم عمران خان سے فلاحی اداروں کے نمائندوں اور مخیر حضرات نے ملاقات کی، اس موقع پر  وفاقی وزیر غذائی تحفظ خسرو بختیار، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت  ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور وزارت خزانہ کے حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا اورفلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف د ینے پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کو مزید ریلیف دینے پر بھی غور کیا گیا جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

پاکستان میں کوروناسے متاثرہ افراد کی تعداد 800 سے تجاوز 

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 800 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اس سے اب تک 6 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

کورونا پر قابو پانے کے لیے سندھ کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی 2 ہفتوں کے  لیےلاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی

دوسری جانب کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات ہوگی اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :