29 مارچ ، 2020
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر انسان اپنی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے۔
متعدد معروف شخصیات کی جانب سے جہاں مستحق افراد کی مدد کرنے کے لیے مفت راشن تقسیم کیا جا رہا ہے تو وہیں مقبول ترین پاکستانی ڈیزائنر عاصم جوفا نے بھی اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس ضمن میں ڈیزائنر عاصم جوفا کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز کے لیے حفاظتی لباس بنا کر مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈیزائنر عاصم جوفا نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'آج میں آپ سب کے پاس ایک چھوٹا سا مشن لے کر آیا ہوں اور وہ مشن یہ ہے کہ ہم ڈاکٹرز، میڈیکل اسٹاف اور فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز جو ہمارے لیے لڑ رہے ہیں ان کے لیے سیلف پروٹیکشن سوٹ (حفاظتی لباس) تیار کریں گے'۔
عاصم جوفا نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ 'ہم ان حفاظتی لباس کو تیار کر کے اسے مفت میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے آپ تمام لوگوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے اور میرے اس پیغام کو جتنا ہو سکے شیئر کریں تاکہ حکام ہمیں ان چیزوں پر کام کرنے کی اجازت دیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں تمام لوگوں کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے سفید جھنڈے بھی لہرائے گئے تھے۔
سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کورونا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1542 تک پہنچ گئی ہے جب کہ مزید تین افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز رات 12 بجے تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1496 تھی لیکن ملک کے مختلف حصوں میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 1542 تک پہنچ گئی ہے۔