سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزدوروں کی مدد کیلئے ریلیف انیشیٹو ایپ تیار کرلی

ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں کہ دیہاڑی دار تک راشن یا کوئی اور مدد پہنچائی جائے: وزیراعلیٰ سندھ کا اجلاس سے خطاب — فوٹو: سی ایم ہاؤس آفیشل 

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن میں روزگار سے محروم گھر بیٹھے دیہاڑی دار مزدوروں کی مدد کے لیے  ریلیف انیشیٹو ایپلیکیشن تیار کرلی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ایک ریلیف انیشیٹو ایپ بھی بنائی ہے جس پر شناختی کارڈ کے ذریعے دیہاڑی دار کو رجسٹر کرنے کی بھی تجویزہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صرف ان معاملات پر غور کر رہے ہیں کہ کس طرح اصل حق دار خاندانوں کی مدد کی جائے اور ہم ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں کہ دیہاڑی دار تک راشن یا کوئی اور مدد پہنچائی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ غریب لوگوں خاص طور جو روزانہ اجرت پر کام کرتے ہیں، ان خاندانوں کو راشن یا نقد رقم سے مدد کی جائے، میرے دل پر بوجھ ہے کہ ان غریب لوگوں کی مدد کی جائے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں اوسطاً 7 افراد کا خاندان ہے، 2017 کی مردم شماری کے حساب سے سندھ میں 50 ملین آبادی ہے جس میں سے 10 ملین یا 1.4 ملین خاندان روزانہ اجرت پر گزارا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، مستحق افراد کی امداد سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

مزید خبریں :