مستحق کہیں بھوکا نہ رہے، کوتاہی برداشت نہیں کروں گا: بلاول کی سندھ حکومت کو ہدایت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین کی مدد کی ہدایت کردی۔

لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت والوں کی امداد کے بارے میں اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، مستحق افراد کی امداد سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

بلاول نے  کہا کہ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے مشاورت کرکے مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن طویل ہونے کی صورت میں مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہیے اور عوام کو لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سندھ حکومت نے 22 مارچ سے 15 روز کا لاک ڈاؤن کر رکھا ہے جس کے باعث شام 5 سے صبح 8 بجے تک تمام دکانیں و میڈیکل اسٹورز بند ہوتے ہیں جبکہ اسپتالوں کےقریب میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہے۔

مزید خبریں :