کھیل
Time 30 مارچ ، 2020

کورونا وائرس: باکسر عامر خان کا پاکستان کو 4 کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان

فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل باکسر عامر خان نے اپنی اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

نا صرف پاکستان بلکہ برطانیہ میں بھی باکسر عامرخان نے این ایچ ایس اسپتال کو کورونا وائرس متاثرین کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت کو اسپتال بنانے کی پیشکش کی تھی۔

اس ضمن میں باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کے لیے اسپتالوں میں بستر ملنا کتنا مشکل ہے اس لیے اپنی 60 ہزار مربع فٹ پر تعمیر 4 منزلہ عمارت کورونا متاثرین کی مدد کے لیے دینے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ متعدد معروف شخصیات کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کی جا رہی ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات سمیت قومی کھلاڑیوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث غریب افراد کے لیے راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستان فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر عاصم جوفا کی جانب سے بھی فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز کے لیے مفت حفاظتی لباس تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1625 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :