30 مارچ ، 2020
نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے کورونا وائرس کی روم تھام کے لیے سخت لاک ڈاؤن پر عوام سے معافی مانگ لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نریندر مودی نے اپنے ماہانہ خطاب میں عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں ان سخت اقدامات پر آپ سے معافی مانگتا ہوں جو آپ کی زندگی میں مشکلات کا سبب بنے، خاص کر ملک کے غریب عوام سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ آپ میں سے کچھ لوگ مجھ سے ناراض ہیں مگر یہ سخت اقدامات ہی اس جنگ کو جیتنے کے لیے ضروری ہیں۔
بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے غریب یقیناً سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کس طرح کا وزیراعظم ہے جس نے ہمیں اتنی مشکل میں ڈال دیا لیکن لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، اب تک جو اقدامات کیے گئے وہی بھارت کو کورونا کے خلاف فتح دلائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوچکی ہے۔
بھارتی وزیراعظم مودی نے ملک میں کورونا کی روک تھام روکنے کے لیے 21 روز کے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جسے جنتا کرفیو کا نام دیا گیا اور یہ بھارت میں 25 مارچ سے نافذ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بھارتی حکومت نے کورونا کے باعث 22 ارب ڈالر سے زائد کے پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے جس کے ذریعے غریب افراد کو کیش اور اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔