جھنگ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک کا پہلا سینیٹائزر واک تھرو گیٹ نصب

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو گیٹ کے افتتاح کے بعد منڈی میں داخل ہورہے ہیں — فوٹو: سوشل میڈیا

جھنگ کی سبزی منڈی میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر  پاکستان کا پہلا سینیٹائزر  واک تھرو گیٹ نصب کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو اور لیفٹننٹ کرنل اشفاق بیگ نے سبزی منڈی میں نصب سینیٹائزر واک تھرو گیٹ کا افتتاح کیا۔

سینیٹائزر واک تھرو گیٹ کے ذریعے سبزی منڈی میں آنے والے 4 سے 5 ہزار افراد کی کلورونیشن ممکن ہوگی۔ 

سینیٹائزر واک تھرو گیٹ میں نوزلز کے ذریعے کلورین فوگ کی صورت میں پیدا کی جائے گی اور کلورین فوگ سے گزرنے والے افراد جراثیم سے پاک ہوجائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کے مطابق پاکستان کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سینیٹائزر واک تھرو گیٹ استعمال کرنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی سینیٹائزر  واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 600 سے زائد ہے۔

مزید خبریں :